17نیوز دیجیٹل اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ بجلی کے بلوں میں اووربلنگ کسی صورت قبول نہیں کی جائے گی، بجلی چوری کے اقدامات کو مزید بہتر بنایا جائے، صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر کسانوں کی خوشحالی کے لئے کام کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت زرعی ٹیوب ویلوں کی سولرآئیزیشن اور بجلی چوری کی روک تھام کے حوالے سے اجلاس ہوا۔
شہبازشریف نے کہا کہ شمسی توانائی بجلی پیدا کرنے کا سستا ترین ذریعہ ہے اسی لئے توانائی کے شعبے میں شمسی توانائی کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے، بلوچستان کے بعد پنجاب، سندھ اور خیبر پختونخوا میں زرعی ٹیوب ویلوں کی شمسی توانائی پر منتقلی کے حوالے سے صوبوں حکومتوں کے ساتھ مل کر کسانوں کی خوشحالی کے لئے کام کریں گے۔
وزیراعظم نے صوبوں میں زرعی ٹیوب ویلوں کی شمسی توانائی پر منتقلی کے حوالے سے صوبائی حکومتوں سے مشاورت کے بعد ایک جامع حکمت عملی ترتیب دینے کی ہدایت کی۔
بجلی چوری کی روک تھام کے اقدامات کو مزید بہتر بنانے کے حوالے سے جامع حکمت عملی بنائیں۔ اسی طرح وزیراعظم نے ملک بھر میں بجلی کے بلوں کے حوالے سے سمارٹ میٹرنگ کا نظام متعارف کرانے اور اس حوالے سے جامع پلان پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔وزیراعظم نے چاروں صوبوں کی بجلی کی ایک ایک تقسیم کار کمپنی کو سمارٹ میٹرنگ کے حوالے سے ماڈل بنانے کی ہدایت بھی کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بجلی کے بلوں میں اوور بلنگ کسی صورت قبول نہیں کی جائے گی۔وزیراعظم کو زرعی ٹیوب ویلوں کی شمسی توانائی پر منتقلی اور انسداد بجلی چوری پر کئے جا رہے اقدامات پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ڈیزل سے چلنے والے زرعی ٹیوب ویلوں کو ماحول دوست شمسی توانائی پر منتقل کرنے سے 2.7ارب امریکی ڈالرز کا زر مبادلہ بچایا جا سکے گا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ انسداد بجلی چوری مہم میں ستمبر 2023 سے اب تک ملک بھر میں 84366 افراد کو گرفتار کیا گیا ، 174562ایف آئی آرز درج ہوئیں، بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے 456 ملازمین کو معطل کیا گیا اور 421460 کیسز فائل کئے گئے،حال ہی میں خیبر پختونخوا میں ایک ہزار ایک سو تیرہ نئے میٹرز لگائے گئے اور تقریباً 12 ہزار کنڈے ہٹائے گئے۔