17نیوز دیجیٹل لاہور: چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مریم نوازایک لاڈلی اور ایک لاڈلے کی بیٹی ہے ، وہ شہزادیوں کی طرح گھوم رہی ہے اسی لئے ایسی زبان استعمال کررہی ہے۔ گوہر علی خان نےنجی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں پی ٹی آئی کا چیئرمین ہوں، لیول پلیئنگ فیلڈ کیلئے ہم نے درخواست فائل کی تھی مگر سپریم کورٹ کے فیصلے سے بہت زیادہ مایوسی ہوئی کیونکہ یہ ہمارے ساتھ ناانصافی ہوئی ہے، سپریم کورٹ اگر آئین قانون کے تحت کیس کو دیکھتا اور لارجر بنچ بنایا جاتا، تو بہت بہتر ہوتا۔
یہ فیصلہ عام ووٹرز کی رائے کے خلاف تھا ،سپریم کورٹ کے فیصلے نے جمہوریت کو دیوار میں چُن دیا ہے، اب ہم کیا لیول پلیئنگ فیلڈ مانگیں گے؟کئی امیدواروں کو نشان دینے کے مطالبے پر کہا گیا کہ آپ تو کاغذات نامزدگی واپس لے چکے ہیں، پہلے ہمارے الیکشن 2017میں ہوئے، پی ٹی آئی کا آئین 2019میں آگیا، کوویڈ کی وجہ سے 2022میں الیکشن کرائے، 13جون 2023کو ہمارے خلاف فیصلہ دیا گیا ،ہمارے پاس دستاویزات موجود تھیں ہم نے سپریم کورٹ کو جمع کرائی کہ ہم نے ٹکٹ کی فیس لی، سپریم کورٹ کو تب دکھاتے جب ہم نے فیس لی ہوئی ہوتی۔
بیرسٹر گوہر علی خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم ججز کو نہیں کہتے کہ ہمیں آپ پر اعتماد نہیں ہے۔پی ٹی آئی نے ریفرنس فائل کیا تو اس کا بدلہ 25کروڑ عوام سے نہیں لینا چاہیے، ایک جماعت سے انتخابی نشان واپس لینا پارٹی ختم کرنے کے مترادف ہے۔پشاور ہائیکورٹ نے فیصلہ دیا ہم ججز کو سلام پیش کرتے ہیں، وہا ں ہم نے پٹیشن دائر کی ، وکلاء کی بحث ہوئی، ہمارے حق میں فیصلہ ہوا، جب سپریم کورٹ میں آئے تو سات دن تک شنوائی نہیں ہوئی۔ بیرسٹر گوہر نے الزام عائد کیا کہ مریم نوازایک لاڈلی اور ایک لاڈلے کی بیٹی ہے ، وہ شہزادیوں کی طرح گھوم رہی ہے اسی لئے ایسی زبان استعمال کررہی ہے، ن لیگ نے سپریم کورٹ اور اداروں پر حملے کئے، ہمیشہ یہ ایمپائر کو ساتھ ملا کر کھیلے، نیب کے کہنے پر ان کے کیسز حل ہوئے۔